Thursday, 5 January 2017

آرمی چیف نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کردیا

پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے، آرمی چیف
خضدار: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کے دوبارہ ممکنہ سرجیکل اسٹرائیک کوبھی مسترد کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف دعویٰ کرکے خود کو دھوکا دے رہے ہیں۔
اس سے قبل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق خضدارمیں تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے،  پاک فوج بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے ہراقدامات کرے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں 30 ہزارفوجی جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، بحریہ، فضائیہ سمیت دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کو نمائندگی دی گئی ہے، بلوچستان میں 25 ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیرانتظام تعلیم حاصل کررہے ہیں، کوئٹہ میں بھی انجینیرنگ یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جارہا ہے۔
واضح رہے بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک ایک ضروری پیغام تھا اور مستقبل میں ایسی کارروائیوں کے امکان کومسترد نہیں کیا جا سکتا۔

Visit Our Websites

کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے، وزیراعظم نواز شریف


،کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے
وزیراعظم نواز شریف
 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور اس جنت نظری وادی کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔
کشمیر سے متعلق بین الاقوامی پارلیمانی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری جس بہادری اور عزم کے ساتھ قابض افواج کا جواں مردی سے مقابلہ کر رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ میں نیا باب رقم کر رہے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کشمیریوں کے لئے ایک مثال بن گئی ہے، وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں ایک نیا ولولہ اور روح پھونک دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 6، 7 ماہ سے جاری پرامن احتجاج کشمیریوں کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ مقبوضہ فورسز سے آزادی چاہتے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لے مختلف ممالک میں وفود بھیجے اور میں نے خود بھی کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے اور حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔
Visit Our Websites