Sunday, 18 June 2017

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے فخر زمان 114، اظہر علی 59 اور محمد حفیظ نے 57 رنز بنائے۔ 
اے ایف پی / فائل

لندن: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلیے 339 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بلو شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے۔ 
لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت کو جیت کیلیے 339 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بلو شرٹس کی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے۔
بھارت کی جانب سےروہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اننگز کی تیسری ہی گیند پر محمد عامر نے انہیں پویلین واپس بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی جس کے بعد ویرات کوہلی بیٹنگ کیلیے آئے۔
اظہر علی نے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر کوہلی کا کیچ گرادیا لیکن محمد عامر نے اگلی ہی گیند پر ایک بار پھر شاندار ڈیلیوری کرکے ویرات کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
تیسری وکٹ کیلیے یووراج سنگھ نے شیکھر دھون کا ساتھ دیا۔
اس سے قبل بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے پچھلے 3 میچوں میں عمدہ آغاز فراہم کرنے والے فخر زمان اور اظہر علی نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور فائنل میچ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری بلے بازی  کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایک لمبے عرصے کے بعد مسلسل دوسری اوپننگ سنچری شراکت قائم کی۔
اس دوران دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،پاکستان کو پہلا نقصان 128 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب اظہر علی بدقسمتی سے 59 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے تاہم فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلیے بابراعظم کے ساتھ ملکر 72 رنز کی شراکت قائم کی۔
فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد مزید جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے اپنی پہلی سنچری مکمل کی جب کہ وہ 106 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 114 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کیلیے 47 رنز جوڑے لیکن شعیب ملک بھنیشورکمار کی گیند پر غلط شارٹ مارتے ہوئے کیچ دے بیٹھے، وہ صرف 12 رنز ہی بناسکے جس کے بعد محمد حفیظ نے بابر اعظم کا ساتھ دیا لیکن کچھ ہی لمحوں بات بابراعظم 46 رنز کی اننگز کھیل کر یووراج سنگھ کو کیچ دے بیٹھے۔
اختتامی اوورز میں محمد حفیظ اور عماد وسیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار چھکے رسید کیے اس دوران محمد حفیط نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 57 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ عماد وسیم 25 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
بھارت کے دونوں ٹاپ اسپنرز روینڈرا جڈیجا اور روی چندرن ایشون آج مہنگے بولر ثابت ہوئے اور دونوں کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آئی جب کہ بھنیشور کمار، ہاردک پانڈیا اور کیدار جادیو ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
میچ سے قبل ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ وکٹ بعد میں بیٹنگ کے لئے موزوں ہے جب کہ گزشتہ میچ کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن ٹاس کسی کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔
واضح رہے بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں پاکستان کو شکست دے دوچار کیا تھا۔

No comments:

Post a Comment