Monday, 21 November 2016

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الوداعی دوروں کا آغاز کردیا

آرمی چیف کی مدت ملازمت رواں ماہ 29 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔ 
لاہور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الوداعی دوروں کا آغاز کردیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور سے اپنے الوداعی دوروں کا آغاز کر دیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور گیریژن ون میں پاک فوج اور رینجرز کے افسران اور جوانوں سے خطاب کیا اور جوانوں سے گلے بھی ملے۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ  امن و امان کا قیام اوراستحکام آسان کام نہیں تھا لیکن ہماری قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم نے ملک کے خلاف تمام مشکلات پر قابو پانے میں مدد کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کراچی، پشاور اور کوئٹہ کا دورہ بھی کریں گے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گوجرانوالہ گیریژن کا الوداعی دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا جب کہ انہوں نے انسداد دہشت گردی تربیت میں منگلا کور کے کردار کی تعریف بھی کی، پاک فوج کے سربراہ نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں ماہ 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے میڈیا پر مختلف خبریں زیر گردش رہی ہیں لیکن ڈی جی آئی ایس پی آر کی خبر نے اس قسم کی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔
مزید خبریں پڑھیں
Visit Our Websites

No comments:

Post a Comment